رسائی کے لنکس

زیادہ تر امریکی نوجوان اسمارٹ فون کے بغیر خود کو خوش یا پرسکون محسوس کرتے ہیں: سروے


ایک امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ میں یہ سامنے آیا ہے کہ تقریباً تین چوتھائی امریکی نوجوانوں (ٹینز) کا کہنا ہے کہ جب وہ اپنے ساتھ موبائل فونز نہیں رکھتے تو وہ خوش یا پرسکون محسوس کرتے ہیں۔

  • یہ سروے پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے کیا گیا
  • سروے میں 1453 ایسے نوجوانوں کے جوڑے لیے گئے جو والد یا والدہ کے ساتھ رہتے ہیں۔
  • سروے کے مطابق زیادہ تر نوجوانوں کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فونز ان کے مشاغل کو جاری رکھنے کو آسان بنا دیتے ہیں۔

یہ رپورٹ تھنک ٹینک 'پیو ریسرچ سینٹر' کی جانب سے کرائے گئے حالیہ سروے کے نتائج پر جاری کی گئی ہے۔

پیو ریسرچ سینٹر نے پیر کو شائع ہونے والے اپنے اس سروے میں یہ نتیجہ اخذ کیا کہ فون سے دور رہنے کے باعث مثبت وابستگیوں کے باوجود زیادہ تر نوجوانوں نے اپنے فون یا سوشل میڈیا کے استعمال کو محدود نہیں کیا۔

یہ سروے ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پالیسی ساز اور بچوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والوں کی نوجوانوں کے اپنے فونز اور سوشل میڈیا کے ساتھ تعلقات کے بارے میں تشویش بڑھ رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ موسمِ خزاں میں کیلیفورنیا اور نیو یارک سمیت درجنوں امریکی ریاستوں نے انسٹاگرام اور فیس بک کی مالک کمپنی میٹا پلیٹ فارمز انکارپوریشن کے خلاف مقدمہ کیا ہے۔

اس مقدمے میں کہا گیا ہے کہ میٹا انکارپوریشن نے اپنے پلیٹ فارم پر ایسے فیچرز جان بوجھ شامل کیے ہیں جو بچوں کو عادی بتاتے ہیں اور اس سے انہیں نقصان اور ان کی ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے۔

جنوری میں میٹا، ٹک ٹاک، ایکس اور دیگر سوشل میڈیا کمپنیز کے سی ای او سینیٹ کی جوڈیشری کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے اور نوجوانوں سے متعلق اپنے پلیٹ فارمز کے نقصانات کے بارے میں بیان دیا تھا۔

ان بڑھتے ہوئے خدشات کے باوجود سروے میں 69 فی صد نوجوانوں کا کہنا تھا کہ اسمارٹ فونز ان کی عمر کے لوگوں کے لیے مشاغل اور دلچسپیوں کو جاری رکھنے کو تھوڑا یا بہت آسان بنا دیتے ہیں جب کہ 65 فی صد کے خیال میں اسمارٹ فونز انہیں تخلیقی بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

اسی طرح 45 فی صد نوجوانوں کا کہنا تھا کہ اسمارٹ فونز سے انہیں اسکول میں اچھی کارکردگی میں مدد ملتی ہے۔

زیادہ تر نوجوانوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسمارٹ فونز رکھنے کے فوائد ان کی عمر کے لوگوں کو پہنچنے والے نقصانات سے کہیں زیادہ ہیں۔

پیو کے مطابق تقریباً تمام امریکی نوجوانوں (95 فی صد) کو اسمارٹ فون تک رسائی حاصل ہے۔

یہ سروے 26 ستمبر سے 23 اکتوبر 2023 کے درمیان کیا گیا جس میں 1453 ایسے نوجوانوں کے جوڑے لیے گئے جو والد یا والدہ کے ساتھ رہتے ہیں اور اس میں مارجن آف ایرر پلس یا مائنس تین اعشاریہ دو فی صد تھا۔

سروے کے دیگر نتائج کے مطابق تقریباً نصف (47 فی صد) والدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے فون کے استعمال کے وقت کو محدود کرتے ہیں جب کہ 48 فی صد کا کہنا ہے کہ وہ ایسا نہیں کرتے۔

سروے کے مطابق 13 سے 14 سال کے نوجوانوں کے تقریباً دو تہائی (64 فی صد) والدین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کے اسمارٹ فونز کا جائزہ لیتے ہیں جب کہ 15 سے 17 سال کی عمر کے نوجوانوں کے 41 فی صد والدین ایسا کرتے ہیں۔

بیالیس فی صد نوجوانوں کا کہنا تھا کہ اسمارٹ فونز اچھی سوشل اسکلز کو سیکھنے کو مشکل بنا دیتے ہیں جب کہ 30 فی صد کا کہنا تھا کہ اسمارٹ فونز ان اسکلز کو سیکھنے کو آسان بناتے ہیں۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG