رسائی کے لنکس

اسکور بورڈ کی غلطی؛ ایلکس کیری سینچری سے محروم


کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ کے پانچویں اور آخری دن آسٹریلیا نے 279 رنز کا ہدف سات وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔(فائل فوٹو)
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ کے پانچویں اور آخری دن آسٹریلیا نے 279 رنز کا ہدف سات وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔(فائل فوٹو)

  • آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں وننگ شاٹ کے وقت معلوم نہیں تھا کہ نان اسٹرایئکر پر موجود بلے باز سینچری سے دو رنز کی دوری پر ہے۔
  • ایلکس کیری نے میچ کے بعد میڈیا کو بتایا کہ انہیں سینچری نہ کرنے پر کوئی افسوس نہیں۔
  • اسکور بورڈ پر رنز کے بجائے وکٹوں کی تعداد دکھائی جا رہی تھی۔

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں تین وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی ہے۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ کے پانچویں اور آخری دن آسٹریلیا نے 279 رنز کا ہدف سات وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اس کامیابی میں جہاں وکٹ کیپر ایلکس کیری کے ناقابلِ شکست 98 رنز کا ہاتھ تھا وہیں مچل مارش کے 80 رنز نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

نویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان پیٹ کمنز نے بھی 44 گیندوں پر 32 رنز بناکر ٹیم کو کامیابی سے ہم کنار کیا تاہم میچ جتوانے کے باوجود کچھ سوشل میڈیا صارفین ان سے خفا نظر آتے ہیں۔

کسی کے خیال میں انہوں نے جان بوجھ کر ساتھی بلے باز ایلکس کیری کو میچ وننگ سینچری سے محروم رکھا تو کسی نے کہا کہ ان کی جلدبازی کی وجہ سے وکٹ کیپر دوسری ٹیسٹ سینچری نہیں بنا سکے۔

دراصل غلطی نہ تو پیٹ کمنز کی تھی، نہ ہی ایلکس کیری کی۔ اس کنفیوژن کی اصل ذمہ دار اسکور بورڈ انتظامیہ تھی جن کی غلطی کی وجہ سے آسٹریلوی وکٹ کیپر اپنے ٹیسٹ کریئر کی دوسری سینچری سے محروم رہے۔

میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے انکشاف کیا کہ انہیں وننگ شاٹ مارتے وقت اندازہ ہی نہیں تھا کہ نان اسٹرایئکر پر موجود ساتھی بلے باز سینچری سے دو رنز کی دوری پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں اس کا علم ہوتا تو ان کی حکمت عملی مختلف ہو سکتی تھی۔

میچ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے سابق کھلاڑیوں نے بھی آسٹریلوی کپتان کے اس دفاع کی تائید کی اور اسکور بورڈ پر رنز کے بجائے وکٹوں کی تعداد دکھانے پر حیرت کا اظہار کیا تھا۔

ایلکس کیری نے بھی میچ کے بعد میڈیا کو بتایا کہ انہیں سینچری نہ کرنے پر کوئی افسوس نہیں۔ وہ خوش ہیں کہ کپتان نے ٹیم کو کامیابی سے ہم کنار کرنے کے لیے میچ وننگ رنز اسکور کیے، وہ خود ہی اسٹرائیک پر جانا نہیں چاہ رہے تھے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG